ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل تعلقہ جالی پنچایت کی میٹنگ میں یوجی ڈی منصوبے پر روک لگانے قرارداد منظور

بھٹکل تعلقہ جالی پنچایت کی میٹنگ میں یوجی ڈی منصوبے پر روک لگانے قرارداد منظور

Tue, 15 Dec 2020 20:48:18    S.O. News Service

بھٹکل:15؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)بھٹکل تعلقہ جالی پٹن پنچایت میں نئے صدر کے انتخاب کے بعد پہلی مرتبہ منعقدہ عام میٹنگ میں پنچایت علاقےمیں ہونے والے یوجی ڈی منصوبے کو لے کر کافی گرما گرم بحث دیکھنے کو ملی۔ پنچایت کی طرف سے متفقہ طورپر دوسری مرتبہ قرارداد پاس کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جب تک واٹر بورڈ کی طرف سے واضح طورپرتفصیلات مہیا نہیں کی جائیں گی تب تک کام کو روکا جائے گا۔

جالی پٹن پنچایت کی 15دسمبر کی شام 4بجے پنچایت ممبران کی عام میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں  پنچایت ممبرا ن کی نمائندگی کرتے ہوئے  عمران لنکا نے یوجی ڈی منصوبے کی ٹھیکدار  اورکمپنی کے انجنئیر سمیت  ذمہ داران کو بتایا کہ جالی پنچایت کی جانب سے 2017میں ہی قرار داد منظور کرتےہوئے کہاگیا تھا کہ واٹر بورڈ کی طرف سے کوئی نمائندہ پنچایت آکر علاقے میں کئے جانے والے یوجی ڈی منصوبے کے متعلق ٹکنیکل تفصیل بتائے۔ اس کے بعد 2مرتبہ واٹربورڈ والے یہاں آئے ، لیکن وہ  ہمیں مطمئن نہیں کرسکے۔ اس لئے یو جی ڈی منصوبے کو لے کر کافی کچھ مشکلات درپیش ہیں کئی باتیں صیغۂ راز میں ہیں ، واٹر بورڈ کی طرف سے جب تک مکمل وضاحت نہیں کی جاتی ، ہمیں مطمئن نہیں کیاجاتا ، ہم یہاں کام کرنےنہیں دیں گے ۔ واٹر بورڈ کی طرف سے کہا جارہاہے کہ یوجی ڈی منصوبے کے بعد نگرانی کے لئے 5فی صد رقم ادا کرنی ہے ،  اتنی رقم پنچایت کے پاس ہے کہاں ؟ پورے دس برس تک بھی سبھی ٹیکس وغیرہ کو جمع کریں گے تو بھی اتنی رقم نہیں ہوتی ہے تو پھر پنچایت کہاں سے رقم ادا کرے گی۔ ایسی کئی وجوہات ہیں اس سلسلے میں جب تک واٹر بورڈ کے افسران اور انجنئیرس یہاں پہنچ کر ہمیں وضاحت نہیں کریں گے ،  اور ہمارے شکوک و شبہات کو دور  نہیں کریں گے ہم منصوبے پر عمل ہونے نہیں دیں گے۔ 

 پنچایت ممبر  اور سابق صدر آدم پنمبور نے کہاکہ ابھی تک واٹر بورڈ کی طرف سے پروجکٹ کو لے کر ابھی تک  کوئی وضاحت  نہیں کی گئی ہے اس بنا پر  پر ہم پنچایت کی طرف سے منصوبے پر عمل کرنے نہیں دیں گے۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے بتایا کہ آج کی میٹنگ میں پنچایت کی عمارت اور یوجی ڈی منصوبے کے متعلق کافی بحث ہوئی۔ کیونکہ دونوں معاملات میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ اسی بنیاد پر آج پنچایت کی میٹنگ میں متفقہ طورپر قرار داد منظور کرتےہوئے کہاگیا ہے کہ جب تک واٹر بورڈ کی طرف سے کوئی نمائندہ آکر تفصیلات نہیں بتائے  گا کام آگے نہیں بڑھنے دیا جائے گا۔ کیونکہ 200کروڑ روپئے کامنصوبہ ہے۔ کام کسی بھی طرح ہوگیا تو اس کا بوجھ عوام پر پڑے گااسی لئے ہم پنچایت ممبران نے سخت قدم اٹھایاہے۔

میٹنگ میں  دیگر کئی ایک معاملات پر بھی بحث ہوئی۔ میٹنگ میں صدر شمیم بانو، نائب صدر فرزانہ ائیکری ڈاٹا ، چیف آفیسر اجئے بھنڈارکر سمیت پنچایت ممبران ، کمپنی انجنئیر اور دیگر عملہ موجود تھا۔

میٹنگ کی وڈیو :

 


Share: